رمضان المبارک کےآخری عشرے میں ملک بھر کی طرح لاہور کی جامعہ مسجد انوار مدینہ قاسمیہ میں بھی سنت رسول ﷺ کی ادائیگی کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں فرزندان اعتکاف بیٹھے ہیں۔ انوار مدینہ ویلفئیر سوسائٹی کی جانب سے ان سب معتکفین کےلیے فی سبیل اللہ سحری و افطاری کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اجتماعی اعتکاف میں درست مخارج کے ساتھ قرآن پاک، وضو و غسل کے مسائل سمیت دیگر شرعی علوم سکھائے جارہے ہیں۔ ہر روز رات کے درمیانے حصے میں ذکر و دعا ہوتی ہے جس میں ملک و ملت کے لیے خیر خواہی کی دعائیں کی جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ انوار مدینہ قاسمیہ کے سرپرست اعلٰی الحاج صوفی محمد شوکت علی قادری صاحب نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ انوار مدینہ قاسمیہ قرآن و سنت کی عالمگیر جماعت ہے جو ملک بھر میں اسلام کی خدمت اور تبلیغ کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ سنت اعتکاف امت مسلمہ کے لئے عظیم نعمت ہے اجتماعی اعتکاف قلب و روح کو بدل دینے والی چیز ہے، اعتکاف کے شرکاء کی مثالی تربیت کی جارہی ہے، نوجوانوں میں عبادت کا اور خدمت اسلام کا جذبہ اجاگر کیا جا رہا ہے، نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ دنیا سے بے نیاز ہو کر دس دن اللہ رب العزت کے گھر میں اجتماعی اعتکاف میں شامل ہوں انشاء اللہ دین و دنیا کی بھلائیاں مقدر ہوں گے ۔